5 سال تک مالی فوائد حاصل کیے، لیگی ایم پی اے کا موقف

image

”میرے مؤکل محمد ثاقب چدھڑ سن 2020 میں مدعیہ سے ملے تھے اور دونوں کے درمیان ایسا قریبی تعلق قائم ہوا جو شادی تک پہنچ چکا تھا۔ اسی دوران میرے مؤکل کو مدعیہ مومنہ اقبال کے بارے میں کئی حقائق معلوم ہوئے، جنہیں ہم مناسب وقت پر سامنے لائیں گے کیونکہ یہ کوئی عام نوعیت کا کیس نہیں ہے۔ یہ صرف ایک شکایت نہیں بلکہ دونوں کے درمیان باقاعدہ ذاتی تعلق تھا، محض آن لائن دوستی نہیں۔ مدعیہ نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران میرے مؤکل سے بڑے پیمانے پر سماجی اور مالی فوائد حاصل کیے۔ اس لیے اس معاملے کو ایک عام ہراسانی کیس کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ ہم تمام تفصیلات مستقبل میں عوام کے سامنے رکھیں گے۔ ہمارے لیے خاتون قابلِ احترام ہیں لیکن وہ اپنے اثر و رسوخ کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔ محمد ثاقب چدھڑ کی اہلیہ کو بھی اس کیس میں گھسیٹا گیا ہے اور ان پر بھی الزامات لگائے گئے ہیں، وہ بھی عدالت میں پیش ہوں گی۔“

لیگی ایم پی اے محمد ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال کے درمیان تنازع نے اب نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں ایک طرف اداکارہ نے خود کو ہراسانی کا شکار قرار دیتے ہوئے سائبر کرائم حکام سے رجوع کیا، وہیں اب ایم پی اے کے وکیل نے پریس کانفرنس میں کئی چونکا دینے والے دعوے کر دیے ہیں۔

مومنہ اقبال نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پوسٹس اور آن لائن شکایات کے ذریعے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں شادی سے قبل مبینہ طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے بعد این سی سی آئی اے نے فوری کارروائی شروع کردی۔ اس پورے کیس کی قانونی پیروی مومنہ اقبال کی بہن اور وکیل رمشہ اقبال کر رہی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ معاملہ تیزی سے زیر بحث آگیا۔

تاہم اب محمد ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں اشفاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات صرف جان پہچان تک محدود نہیں تھے بلکہ شادی کی بات چیت بھی ہو چکی تھی۔ ان کے مطابق مومنہ اقبال نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کیے اور اب اس پورے معاملے کو یکطرفہ انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

میاں اشفاق نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کیس کے کئی ایسے پہلو ہیں جو ابھی منظر عام پر نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ ایک سیاسی شخصیت کا معاملہ ہے، اس لیے اس میں دشمنیاں اور ذاتی مفادات بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں۔”

وکیل کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ مومنہ اقبال پہلے سے شادی شدہ تھیں اور انہوں نے مبینہ طور پر اپنی قانونی حیثیت واضح نہیں کی، جس کے بعد دونوں کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آیا اور بالآخر معاملہ ختم ہوگیا۔

اس کیس نے شوبز اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں سوشل میڈیا صارفین دونوں فریقین کے بیانات پر مختلف ردعمل دے رہے ہیں۔ ایک جانب مومنہ اقبال کے حامی اسے ہراسانی کا سنگین کیس قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف ثاقب چدھڑ کے وکیل کے انکشافات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اب سب کی نظریں آئندہ عدالتی کارروائی اور تحقیقات پر مرکوز ہیں، جہاں ممکنہ طور پر مزید حیران کن تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US