پاکستان کی معروف ڈیجیٹل کریئیٹر جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ اس بار وجہ ان کا حجِ بیت اللہ کا سفر نہیں بلکہ دورانِ حج کنول آفتاب کا میک اپ لُک بنا۔
کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر پاکستان کے مقبول ترین فیملی وی لاگرز میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں گزشتہ تقریباً نو برس سے ڈیجیٹل دنیا میں سرگرم ہیں اور یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر کروڑوں فالوورز رکھتے ہیں۔ مداح خاص طور پر ان کی بیٹی ایزل ذوالقرنین کو بے حد پسند کرتے ہیں، جو اکثر ان کے وی لاگز میں نظر آتی ہیں۔
اس وقت یہ جوڑی حجِ بیت اللہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہے اور اپنے سفر کی تصاویر اور ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہی ہے۔ تاہم کنول آفتاب کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جس میں وہ حج کے لباس میں گہرے میک اپ اور میرون لپ اسٹک کے ساتھ نظر آئیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، جس پر کنول آفتاب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا، ”لوگوں کو میری لپ اسٹک سے مسئلہ ہے، میں صرف یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ عبادت کا میری لپ اسٹک سے کیا تعلق ہے؟ اور ویسے بھی حج 8 ذوالحج سے شروع ہوتا ہے، پہلے اس کے بارے میں پڑھ لیں۔“
کنول کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر بحث کو مزید تیز کردیا۔ کچھ صارفین نے ان کی حمایت کی، لیکن بڑی تعداد نے اسے حج جیسے مقدس موقع پر نامناسب قرار دیا۔ کئی لوگوں کا کہنا تھا کہ مذہبی سفر کے دوران سادگی اور عاجزی زیادہ اہم ہونی چاہیے، جبکہ بعض صارفین نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر عبادات کو بھی کانٹینٹ میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔