ان کو خواتین کی عزت کرنی نہیں آتی، شائستہ جبیں فردوس جمال پر پھٹ پڑیں

image

”انسان کا غرور، اس کی فطرت اور تربیت ہی اسے تباہ کر دیتی ہے۔ آپ اپنی طبیعت کی وجہ سے آگے بڑھتے ہیں اور اسی وجہ سے ناکام بھی ہوتے ہیں۔ میں فردوس جمال کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کروں گی۔ وہ بلاشبہ ایک بڑے اداکار ہیں، لیکن اگر آپ اچھے انسان نہیں تو پھر آپ کی کامیابی بے معنی ہے۔ لوگ آپ کو آپ کے رویے سے پہچانتے ہیں۔ میں نے ایک بار ان کے ساتھ کام کیا اور وہی میرے لیے کافی تھا۔ ان کی زبان پر کوئی فلٹر نہیں۔ وہ عورتوں کی عزت کرنا جانتے ہی نہیں۔ انہوں نے میرے سامنے خواتین کے بارے میں بہت نامناسب باتیں کیں، اور مجھے ان کی یہی بات سب سے زیادہ بری لگتی ہے۔ میں ایسی گفتگو سننا بھی پسند نہیں کرتی۔“

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے اداکار فردوس جمال کے حوالے سے ایسا بیان دے دیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ شائستہ جبین نے نہ صرف فردوس جمال کے رویے پر کھل کر تنقید کی بلکہ ان پر خواتین کے خلاف ذہنیت رکھنے کا الزام بھی عائد کر دیا۔

شائستہ جبین حال ہی میں اپنی نجی زندگی، شوبز انڈسٹری اور مختلف فنکاروں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ اسی دوران انہوں نے فردوس جمال کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کئی حیران کن باتیں بتائیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی انسان کی اصل پہچان اس کا رویہ اور کردار ہوتا ہے، صرف اچھا اداکار ہونا کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فردوس جمال اکثر خواتین کے بارے میں نامناسب گفتگو کرتے تھے جس پر انہیں شدید اعتراض تھا۔

شائستہ جبین نے یہ بھی کہا کہ فردوس جمال نے ماضی میں کئی سینئر اداکاروں کے خلاف بھی سخت بیانات دیے، حالانکہ وہ فنکار اپنے کام اور نام کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کے مطابق کسی کے بیان دینے سے ان عظیم فنکاروں کا مقام کم نہیں ہو سکتا۔

شائستہ جبین کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ ان کی صاف گوئی کی تعریف کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین فردوس جمال کے ماضی کے متنازع بیانات کو دوبارہ موضوعِ بحث بنا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US