"جب میں پہلی بار مسجد گیا تو ایک عجیب سکون محسوس ہوا۔ سب لوگ ایک ہی صف میں کھڑے تھے، کسی کو کسی پر فوقیت حاصل نہیں تھی۔ سب جانتے تھے کہ میں اداکار ہوں لیکن اندر کسی نے میری شہرت کو اہمیت نہیں دی۔ وہاں صرف خدا کی بڑائی تھی، انسان کی نہیں۔ اسی لمحے مجھے احساس ہوا کہ یہاں سب برابر ہیں، اور یہی چیز میرے دل کو چھو گئی۔"
بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار جے نے اسلام قبول کرنے کے اپنے سفر سے متعلق ایسے انکشافات کیے ہیں جنہوں نے مداحوں کو حیران بھی کیا اور متاثر بھی۔ ایک حالیہ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی میں مذہب کی تلاش اچانک نہیں بلکہ ایک طویل روحانی سفر کے بعد سامنے آئی۔
اداکار کے مطابق وہ کبھی ہندو رسومات کی جانب مائل رہے تو کبھی عیسائیت کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی، مگر انہیں اندرونی سکون کہیں نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض مذہبی مقامات پر رویوں نے انہیں مایوس کیا، جس کے بعد ان کی توجہ اسلام کی جانب ہوئی۔
جے نے کہا کہ مسجد کا ماحول ان کے لیے بالکل مختلف تھا۔ نہ وہاں شہرت کی نمائش تھی، نہ کسی خاص شخصیت کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی تھی۔ ہر شخص خاموشی اور احترام کے ساتھ عبادت میں مصروف تھا۔ یہی سادگی اور برابری کا احساس ان کے دل میں اتر گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی سوچ، مزاج اور زندگی کو دیکھنے کا انداز بدل گیا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کسی دباؤ یا وقتی جذبے کا نتیجہ نہیں بلکہ ذاتی مشاہدات اور روحانی اطمینان کی بنیاد پر کیا گیا۔
یاد رہے کہ جے نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 2002 میں تامل سنیما کے سپر اسٹار تھلاپتی وجے کے ساتھ کیا تھا اور بعد میں جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔