حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن اور مسلمانوں پر فرض عبادت ہے، جو ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار ادا کرنا لازم ہے۔ یہ مقدس فریضہ ہر سال ذوالحجہ کے مہینے میں سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں ادا کیا جاتا ہے، جہاں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور حاضری دیتے ہیں۔ حج مسلمانوں کے درمیان اتحاد، مساوات، عاجزی اور روحانی پاکیزگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ مناسکِ حج کی ادائیگی کے بعد مسلمان سنتِ ابراہیمی کی یاد میں قربانی بھی کرتے ہیں۔
حج دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی، اطاعت اور اللہ تعالیٰ سے بے مثال محبت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی دنیا بھر سے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے فریضۂ حج ادا کیا، جبکہ کئی پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی اس مقدس سفر کی سعادت حاصل کی اور سوشل میڈیا پر اپنے روحانی لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔
اس سال حج ادا کرنے والی نمایاں پاکستانی شخصیات میں معروف میزبان وسیم بادامی، اینکر فرح اقرار، سوشل میڈیا جوڑی کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، سابق کپتان مصباح الحق اور ان کے ساتھیوں نے بھی حج کی سعادت حاصل کی۔ معروف کامیڈین اور میزبان تابش ہاشمی بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے اس سال مقدس فریضہ ادا کیا۔
ان معروف شخصیات کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔