معروف ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا شخصیت ڈاکٹر نبیہا علی خان ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کے خیالات نہیں بلکہ سالگرہ کی تقریب بنی۔
ڈاکٹر نبیہا نے اپنی 34ویں سالگرہ نہایت دھوم دھام سے منائی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ اس موقع پر وہ شوخ سرسوں رنگ کے خوبصورت لباس میں دکھائی دیں جبکہ ان کے شوہر حارث کھوکھر بھی تقریب میں ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب میں معروف گلوکار ملکو کی شرکت نے بھی سب کی توجہ حاصل کی۔
جہاں کئی مداحوں نے ڈاکٹر نبیہا کو سالگرہ کی مبارکباد دی، وہیں ان کی عمر سے متعلق دعوے پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصروں کی بھرمار کر دی۔ بعض افراد نے طنزیہ انداز اپنایا جبکہ کئی صارفین نے میمز اور مزاحیہ تبصرے شیئر کرنا شروع کر دیے۔
ڈاکٹر نبیہا علی خان اس سے قبل اپنے متنازع بیانات اور مردوں کے حق میں کھل کر رائے دینے کی وجہ سے خبروں میں رہ چکی ہیں، تاہم شادی کے بعد ان کی ذاتی زندگی بھی سوشل میڈیا صارفین کی خاص دلچسپی کا مرکز بن گئی ہے۔ وہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں مداح خوب دیکھتے ہیں۔