"اس شخص کو لگتا ہے شاید پورا ملک اس کے پیسوں پر چل رہا ہے۔ پہلے فورچیونر کا دعویٰ کیا، اب میری دوسری گاڑی پر بھی حق جتایا جا رہا ہے۔ اگر اتنا ہی شوق ہے تو سب کو گاڑیاں دے دیں، بس لوگ اپنے گردے سنبھال کر رکھیں کہیں وہ بھی نہ بیچنے پڑ جائیں۔"
اداکارہ مومنہ اقبال اور پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے درمیان تنازع اب مزید سنگین رخ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مبینہ تعلقات، بریک اپ، دھمکیوں اور قانونی جنگ کے بعد اب معاملہ گاڑیوں اور تحائف تک پہنچ گیا ہے۔ حال ہی میں ثاقب چدھڑ نے دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے شوہر محمد حمزہ حبیب آج بھی وہی گاڑی استعمال کر رہے ہیں جو انہوں نے مومنہ کو تحفے میں دی تھی۔
اس بیان کے بعد مومنہ اقبال خاموش نہ رہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہر چیز پر دعویٰ کرنا شاید اب عادت بن چکی ہے۔ اداکارہ نے نہ صرف ان الزامات کو مسترد کیا بلکہ یہ بھی واضح کیا کہ وہ مسلسل ہراسانی کے خلاف کھل کر بولتی رہیں گی۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل انکشاف کیا تھا کہ شادی سے پہلے انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں جبکہ ان کے مطابق ان کی رشتوں میں بھی رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ دوسری جانب ثاقب چدھڑ کے وکیل کا مؤقف ہے کہ مومنہ نے ان سے مالی فوائد حاصل کیے اور اب معاملے کو یکطرفہ انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس تنازع نے نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں کچھ لوگ مومنہ اقبال کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین دونوں جانب کے بیانات کو سوالیہ نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔