اداکارہ، میزبان، ماڈل اور گلوکارہ فضا علی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ اس بار وجہ بنا لندن میں ہونے والا معروف بھارتی گلوکار کمار سانو کا کنسرٹ، جہاں وہ اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ شریک ہوئیں۔ رومانوی لمحوں سے بھرپور یہ شام اس وقت وائرل ہو گئی جب فضا علی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے لگیں۔
ویڈیوز میں فضا علی کو شوہر کے ساتھ رقص کرتے، گانے گنگناتے اور انتہائی جذباتی انداز میں محبت کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین کو ان کا انداز کچھ زیادہ ہی نمائشی محسوس ہوا۔ کئی لوگوں نے کہا کہ نجی لمحات کو اس طرح سب کے سامنے لانا غیر ضروری تھا جبکہ بعض صارفین نے ان کے تاثرات اور حرکات کو “اوور ایکٹنگ” قرار دیا۔
فضا علی ان دنوں لندن اور لاہور کے درمیان وقت گزار رہی ہیں اور شادی کے بعد اکثر اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ لیکن اس بار ان کی یہی ویڈیوز شدید تنقید کا سبب بن گئیں۔ انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد نے کہا کہ ہر تقریب میں خود کو توجہ کا مرکز بنانا فزا علی کی عادت بنتا جا رہا ہے۔
ویڈیوز پر لاکھوں ویوز آ چکے ہیں جبکہ کمنٹ سیکشن میں لوگوں کی رائے مسلسل سامنے آ رہی ہے۔ کچھ افراد نے اسے محبت کا اظہار کہا جبکہ کئی صارفین نے اسے صرف شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔