ثنا یوسف کی والدہ بیٹی کی پسندیدہ جگہ پر جا کر رو پڑیں

image

میں ہوں، بونی کے اُس مقام پر جو ثناء کو سب سے زیادہ پسند تھا۔ یہ میری والدہ کا گھر ہے اور ثناء اس جگہ سے بے حد محبت کرتی تھی۔ اُس نے یہاں سے کئی ویڈیوز اور ریلز بنائیں جو بہت وائرل ہوئیں۔ وہ اکثر مجھ سے کہتی تھی کہ ڈاکٹر بننے کے بعد وہ یہیں آ کر رہے گی اور لوگوں کا علاج کرے گی۔ یہ ہمارا وہی گھر ہے جہاں وہ تصویریں بناتی تھی۔ یہاں کے بادام، سیب اور خوبانی کے درخت اُس کے بہت پسندیدہ تھے۔ آج ہم ثناء کی قبر پر بھی جائیں گے۔ وہ اس جگہ پر آ کر بہت خوش رہتی تھی۔ مجھے اپنی بیٹی بہت یاد آتی ہے، اللہ اُس کی مغفرت فرمائے۔”

یہ الفاظ کہتے ہوئے ثناء یوسف کی والدہ فرزانہ یوسف خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔ اپنی بیٹی کی یاد میں چترال کے حسین پہاڑوں اور سبز وادیوں کے درمیان کھڑی ایک ماں کا درد دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی جذباتی ہو گئے۔

17 سالہ پاکستانی ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف اپنی مزاحیہ ویڈیوز اور چترال کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے کانٹینٹ کی وجہ سے نوجوانوں میں بے حد مقبول تھیں۔ مگر 2 جون 2025 کو اسلام آباد کے سیکٹر جی-13 میں اُنہیں اُن کے گھر کے اندر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد عدالت میں چلنے والے مقدمے میں 22 سالہ عمر حیات کو ثناء یوسف کے قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت اور عمر قید سنائی گئی۔ ثناء کے والدین نے اس فیصلے کے بعد پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شروع سے آخر تک اُن کے ساتھ کھڑے رہ کر انصاف کی آواز بلند کی۔

مقدمہ جیتنے کے بعد ثناء یوسف کی والدہ چترال واپس پہنچیں، جہاں انہوں نے مداحوں کو وہ گھر اور مقامات دکھائے جو ثناء کی زندگی کا سب سے خوبصورت حصہ تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہر درخت، ہر کونا اور ہر منظر انہیں اپنی بیٹی کی یاد دلا رہا تھا۔ ایک طرف انصاف ملنے کا سکون تھا تو دوسری طرف بیٹی کی جدائی کا ایسا غم جو شاید کبھی ختم نہ ہو سکے۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین ثناء یوسف کے لیے دعائے مغفرت کے ساتھ اُن کی والدہ کے حوصلے کو بھی سراہ رہے ہیں۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک ماں کے لیے اپنی جوان بیٹی کی یادوں میں اُس کے پسندیدہ مقامات پر واپس جانا کسی کڑے امتحان سے کم نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US