ماں نے فیصل قریشی کو مجھ سے بہتر اداکار قرار دیا، ہمایوں سعید

image

فیصل اتنا بہترین اداکار ہے کہ آج مجھے یہ قصہ ضرور سنانا چاہیے کیونکہ شاید یہی صحیح وقت ہے۔ تقریباً پندرہ یا بیس سال پہلے میری والدہ نے ایک انٹرویو دیا تھا، شاید جیو پر۔ وہ بہت کم ٹی وی پر آتی تھیں اور ہمیشہ سچ بولتی تھیں۔ انٹرویو کے دوران اُن سے کہا گیا کہ آپ کا بیٹا بہت اچھی اداکاری کر رہا ہے، تو انہوں نے فوراً کہا، ‘نہیں، میرا بیٹا کوئی بہت بڑا اداکار نہیں، وہ تو بس سیدھے چہرے کے ساتھ اداکاری کر لیتا ہے، مجھے فیصل قریشی زیادہ پسند ہیں کیونکہ وہ واقعی زبردست اداکار ہیں۔’

اُن کی یہ بات اُس وقت مجھے بالکل اچھی نہیں لگی تھی کیونکہ میں نیا نیا کامیاب ہو رہا تھا۔ مجھے لگا تھا کہ وہ ہم دونوں کی تعریف کر سکتی تھیں، لیکن مائیں ہمیشہ اپنے بچوں کے بارے میں سچ بولتی ہیں۔ آج میں یہ بات اس لیے بتا رہا ہوں کیونکہ فیصل واقعی ایک شاندار اداکار ہے۔”

پاکستان شوبز انڈسٹری کے دو بڑے نام فیصل قریشی اور ہمایوں سعید نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ برسوں پرانی دوستی کی وجہ سے بھی مداحوں کے دلوں میں خاص جگہ رکھتے ہیں۔ حال ہی میں فیصل قریشی کے اعزاز میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں ہمایوں سعید نے اپنی والدہ سے جڑا ایسا دلچسپ قصہ سنا دیا جس نے محفل کو قہقہوں اور جذبات دونوں سے بھر دیا۔

ہمایوں سعید نے بڑے دل کے ساتھ یہ اعتراف کیا کہ اُن کی والدہ ہمیشہ فیصل قریشی کی اداکاری کی مداح رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُس وقت والدہ کی بات سن کر انہیں تھوڑا برا ضرور لگا تھا، لیکن آج وہ خود بھی مانتے ہیں کہ فیصل قریشی غیر معمولی اداکاری کے مالک ہیں۔

تقریب میں فیصل قریشی، اُن کی اہلیہ اور شوبز سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ ہمایوں سعید کی یہ بات سن کر محفل میں موجود لوگ مسکرا دیے جبکہ سوشل میڈیا صارفین بھی دونوں اداکاروں کی دوستی اور ایک دوسرے کے لیے احترام کو خوب سراہ رہے ہیں۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں فیصل قریشی اور ہمایوں سعید دونوں نے اپنی محنت اور لازوال پرفارمنس کے ذریعے الگ پہچان بنائی۔ ایک طرف فیصل قریشی اپنے طاقتور کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں تو دوسری جانب ہمایوں سعید رومانوی اور جذباتی کرداروں میں ناظرین کے دل جیت لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں فنکار آج بھی انڈسٹری کے سب سے بڑے اور مقبول ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US