مومنہ اقبال پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا اور بعد میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ مومنہ اقبال کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ رہ چکی ہیں اور اپنی اداکاری کی وجہ سے مداحوں میں خاصی مقبول ہیں۔
ان دنوں مومنہ اقبال ایک قانونی تنازعے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے رکنِ اسمبلی ثاقب چھدڑ پر ہراسانی اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں پہلے ایک دوسرے کے قریب تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے، تاہم مومنہ اقبال کو بعد میں معلوم ہوا کہ ثاقب چھدڑ پہلے سے شادی شدہ ہیں، جس کے بعد انہوں نے یہ رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ لیکن مومنہ کے مطابق ثاقب اس بات کو قبول نہیں کرپارہے۔
اب اس معاملے میں ثاقب چھدڑ کی اہلیہ سمیرا خان کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کے مطابق سمیرا خان ہی وہ شخصیت تھیں جنہوں نے مومنہ کو فون کرکے بتایا کہ ثاقب پہلے سے شادی شدہ ہیں۔ رمشا کا کہنا ہے کہ مومنہ کو اس حقیقت کا پہلے علم نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس کے بعد سمیرا خان نے کئی بار ویڈیو کالز کے ذریعے مومنہ اقبال سے رابطہ کیا۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ انہوں نے مومنہ کے ہونے والے سسرال والوں سے بھی رابطہ کیا کیونکہ وہ مومنہ کی زندگی کو متاثر کرنا چاہتی تھیں اور نہیں چاہتیں کہ انہیں سکون یا خوشی ملے۔
دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ مومنہ اقبال نے ابتدا میں سمیرا خان کے لیے ہمدردی محسوس کی کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ دونوں ایک ہی شخص کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوئیں۔ مومنہ نے ثاقب کی پہلی شادی کا علم ہونے کے بعد خود ہی پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا تھا اور ان کے دل میں سمیرا خان کے لیے کوئی منفی جذبات نہیں تھے۔
تاہم اب صورتحال بدلتی دکھائی دے رہی ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ثاقب چھدڑ کی اہلیہ مومنہ اقبال سے ناراض ہیں کیونکہ ان کے شوہر اب بھی مومنہ سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ دن بہ دن مزید پیچیدہ ہوتا جارہا ہے۔