بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ نے اپنے والد اور نامور فلم ساز مہیش بھٹ کی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پوجا بھٹ نے بتایا کہ ان کے والد نے اداکارہ سونی رازدان سے شادی کے لیے اسلام قبول کیا تھا۔ ان کے مطابق مہیش بھٹ نے 1986 میں دوسری شادی کے لیے یہ فیصلہ کیا تاکہ پہلی بیوی کو طلاق نہ دینی پڑے۔
پوجا بھٹ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں اور ان کے نزدیک رشتوں میں سچائی اور ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بہتر کون ہے، وہ والد جو اپنی محبت کو کھل کر تسلیم کرے یا وہ جو خفیہ تعلقات رکھے۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین اس معاملے پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔