پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کی ریکوری کے بعد آج ایک بار پھر شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور مارکیٹ کے کاروبار میں بڑا اتار چڑھاؤ برقرار ہے۔ دوران ٹریڈنگ جہاں ایک وقت میں مارکیٹ میں 600 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، وہیں مندی کی لہر کے باعث انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس گرگیا۔
اس شدید مندی کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج 171,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھی ہے اور ہنڈریڈ انڈیکس 880 پوائنٹس کی نمایاں کمی کے ساتھ 170,141 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
بروکرز کے مطابق مارکیٹ میں اس مندی اور غیر یقینی صورتحال کی بڑی وجہ ایران امریکہ ڈیل اور آئندہ بجٹ ہیں، جس کو لے کر سرمایہ کار شدید محتاط ہیں اور سائیڈ لائن رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔