بچپن کی یادیں تازہ کرنے اسکول پہنچ گئے، دانش تیمور کی چوکیدار کے ساتھ تصویر نے دل جیت لیے

image

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہونے والے دانش تیمور نے حال ہی میں اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کے ایک ایسے سفر پر ساتھ لے گئے جس نے ہر کسی کو ماضی کی حسین یادوں میں کھو جانے پر مجبور کر دیا۔

شہرت، کامیابی اور سپر اسٹارڈم حاصل کرنے کے بعد دانش تیمور نے اپنے پرانے اسکول کا رخ کیا، وہی اسکول جہاں کبھی وہ ایک بے فکر طالب علم کی حیثیت سے اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارا کرتے تھے۔ اسکول پہنچتے ہی اداکار کے چہرے پر خوشی اور جذبات واضح نظر آئے، جیسے برسوں پرانی یادیں ایک بار پھر زندہ ہوگئی ہوں۔

دانش تیمور نے اپنے مداحوں کو اسکول کی عمارت دکھائی اور ان جگہوں کی سیر بھی کروائی جہاں ان کے بچپن اور طالب علمی کے بے شمار لمحے محفوظ ہیں۔ انہوں نے راہداریوں، کلاس رومز اور اسکول کے مختلف حصوں کو دیکھتے ہوئے پرانی باتیں یاد کیں۔ اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ کن راستوں پر دوڑتے تھے اور اسکول کی کینٹین میں گزرے لمحات آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں۔

اس وقت گرمیوں کی تعطیلات ہونے کے باعث اسکول میں طلبہ موجود نہیں تھے، تاہم اس دورے کو مزید خاص اس وقت بنا دیا جب دانش تیمور کی ملاقات اپنے پرانے استاد اور ولی بھائی سے ہوئی، جو آج بھی اسی تعلیمی ادارے سے وابستہ ہیں۔ برسوں بعد ہونے والی یہ ملاقات اداکار کے لیے نہایت جذباتی اور خوشگوار ثابت ہوئی۔

دانش تیمور کی جانب سے شیئر کی گئی یہ یادگار جھلکیاں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ مداحوں نے نہ صرف ان کے اس انداز کو سراہا بلکہ ان کے سفر کو محنت، لگن اور کامیابی کی خوبصورت مثال بھی قرار دیا۔ بہت سے صارفین کا کہنا تھا کہ ماضی کو یاد رکھنا اور اپنی جڑوں سے جڑے رہنا ہی انسان کی اصل عظمت ہوتی ہے۔

مداحوں کے مطابق دانش تیمور کی یہ ویڈیو صرف ایک اسکول وزٹ نہیں تھی بلکہ اس بات کی یاد دہانی بھی تھی کہ ہر کامیاب انسان کی زندگی میں ایک ایسا مقام ضرور ہوتا ہے جہاں سے اس کے خوابوں کا سفر شروع ہوتا ہے، اور دانش تیمور آج بھی اپنی اسی شروعات کو محبت اور احترام کے ساتھ یاد رکھتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US