بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان 61 برس کی عمر میں تیسری مرتبہ شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے تیار ہیں اور ان کی شادی کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان آئندہ ماہ 5 جولائی کو اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کے ساتھ تیسری شادی کریں گے۔ یہ تقریب انتہائی نجی اور سادہ ہوگی جس میں صرف خاندان کے قریبی افراد اور مخصوص دوست ہی شریک ہوں گے، جبکہ کورٹ میرج یا گھر پر ہی دستخط کے ذریعے اس رشتے کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان اور گوری سپراٹ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے اکٹھے رہ رہے ہیں، اور اداکار نے گزشتہ سال اپنی 60 ویں سالگرہ پر ممبئی میں پہلی بار گوری کو میڈیا کے سامنے بطور گرل فرینڈ متعارف کروایا تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل ان کی پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے ہوئی تھی جو 2002 میں ختم ہوئی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور آئرا ہیں۔ بعدازاں انہوں نے 2005 میں فلم ڈائریکٹر کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی اور 2021 میں ان سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی، تاہم وہ دونوں مل کر اپنے بیٹے آزاد کی پرورش کررہے ہیں۔