کردار سے نفرت ہے لیکن اداکاری شاندار کی، شرمیلا ٹیگور کا شہزاد نواز کے لیے پیغام

image

"میں اس شخص یعنی ڈاکٹر شاہنواز سے نفرت کرتی ہوں، لیکن جس اداکار نے یہ کردار نبھایا ہے، اس نے کمال کا کام کیا ہے۔ انہیں ضرور بتائیں کہ انہوں نے بے حد شاندار اداکاری کی ہے۔"

پاکستانی ڈرامہ "ڈاکٹر بہو" میں سخت مزاج اور روایتی سسر ڈاکٹر شاہنواز کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار شہزاد نواز نے ایک ایسا دلچسپ انکشاف کیا ہے جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اداکاری نے نہ صرف پاکستانی ناظرین کو متاثر کیا بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور بھی ان کے کردار سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔

حال ہی میں نادیہ خان کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد نواز نے بتایا کہ "ڈاکٹر بہو" میں ان کے کردار کو ناظرین کی جانب سے غیر معمولی ردعمل مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں انسٹاگرام پر حقیقی زندگی کی خواتین ڈاکٹروں کے پیغامات بھی موصول ہوئے جنہوں نے اپنے ذاتی تجربات ان کے ساتھ شیئر کیے۔

شہزاد نواز کے مطابق ایک خاتون ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کے سسر کا رویہ ڈرامے کے ڈاکٹر شاہنواز سے بھی زیادہ سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں دکھایا گیا کردار تو کچھ بھی نہیں، ان کے سسر کی گفتگو اور رویہ اس سے کہیں زیادہ ناقابل برداشت ہے۔ اداکار نے بتایا کہ خاتون نے اپنے دل کی بھڑاس ایک طویل پیغام کے ذریعے نکالی اور ڈرامے کے کردار سے اپنی حقیقی زندگی کا موازنہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور شخص نے رابطہ کرکے بتایا کہ اسے ڈرامے کے کردار ڈاکٹر سلمان میں اپنی زندگی کی جھلک نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی کردار لوگوں کو اپنی ذاتی زندگی کی یاد دلانے لگے تو یہ ایک اداکار کے لیے بڑی کامیابی ہوتی ہے۔

گفتگو کے دوران شہزاد نواز نے ایک ایسا واقعہ بھی سنایا جس نے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ معروف ہدایتکارہ مہرین جبار کے ذریعے انہیں بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور کا خصوصی پیغام ملا۔ شرمیلا ٹیگور نے مہرین جبار سے کہا کہ وہ ڈاکٹر شاہنواز کے کردار سے شدید نفرت کرتی ہیں، لیکن اس کردار کو نبھانے والے اداکار نے اسے اتنے مؤثر انداز میں پیش کیا ہے کہ وہ ان کی اداکاری کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکیں۔

شہزاد نواز نے اس پیغام کو اپنے کیریئر کے یادگار لمحات میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ اداکارہ کسی کردار سے نفرت کرے لیکن اداکاری کی تعریف کرے تو اس سے بڑی داد کسی فنکار کے لیے نہیں ہوسکتی۔

واضح رہے کہ شہزاد نواز پاکستان کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اشتہارات کی دنیا سے کیا تھا اور بعد ازاں اداکاری میں قدم رکھا۔ "پریزاد"، "بادشاہ بیگم"، "میں"، "غلام باشہ سندری"، "شناس"، "ہمراہی" اور "ڈاکٹر بہو" جیسے مقبول ڈراموں میں ان کی اداکاری کو ناظرین اور ناقدین دونوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ آج کل وہ اپنے پوڈکاسٹ کے ذریعے بھی شوبز شخصیات کے دلچسپ انٹرویوز پیش کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US