بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار و کامیڈین جونی لیور نے اپنی زندگی میں سخت ترین دن دیکھے، یہاں تک کہ بات جان لینے تک بھی پہنچ چکی تھی۔
ان کے متعلق چند دلچسپ اور غیر معروف حقائق ہیں جو شاید آپ نے پہلے نہیں پڑھیں ہوں گے۔
بھارتی کامیڈین اور اداکار جونی لیور کی پیدائش 14؍ اگست 1957 کو پرکاشم ضلع، آندھراپردیش میں ہوئی تھی، ان کا شمار ہندوستانی سنیما کے عظیم کامیڈین میں کیا جاتا ہے۔
جونی لیور نے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ مالی مسائل کے ساتھ بچپن میں انہیں انتہائی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اداکار جونی لیور نے انٹر ویو میں بتایا تھا کہ میں بھارت کی کچی آبادی دھاراوی میں پیدا ہوا اور وہی زندگی گزاری، جب میں 13 سال کا تھا تو اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کے لیے ریلوے ٹریک پر گیا تھا۔
جونی لیور نے معاشی مسائل کی وجہ سے ساتویں جماعت کے بعد سکول چھوڑ دیا تھا، بعد ازاں اپنے اہل خانہ کو معاشی تعاون فراہم کرنے کے لیے وہ ممبئی کی سڑکوں پر قلم فروخت کرتے تھے،انہوں نے بالی ووڈ اداکاروں کی نقالی کرکے بھی پیسے کمائے تھے جس سے انہیں شہرت حاصل ہوئی۔
مشہور اداکار سنیل دت نے جونی لیور کی اسٹیج پرفارمنس سے متاثر ہو کر انہیں اپنی فلم درد کا رشتہ میں اداکاری کرنے کی پیشکش کی تھی۔ چھوٹے موٹے اشتہارات میں کام کرنے کے بعد مشہور فلم بازی گر نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔
جونی لیور نے 350 سے زائد فلموں اور کئی سپر سٹارز کے ساتھ کام کیا ہے اور انہیں مارڈرن کامیڈی کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔