اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں درج کیا گیا، جس میں ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ سمیرا خان اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان پر سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ اور غیر قانونی نگرانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اداکارہ اور ان کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں بھی دی گئیں۔
مقدمے میں مزید الزام لگایا گیا ہے کہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کی پہلی شادی کے بارے میں آگاہی ملنے کے بعد شادی سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں مبینہ طور پر نجی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کیا جانے لگا۔
ایف آئی آر کے مطابق ثاقب چدھڑ نے 2023 میں اداکارہ کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے الزامات عائد کیے، جس کے باعث ان کا ایک رشتہ بھی متاثر ہوا۔ مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکارہ اور ان کے شوہر کو دھمکیاں دی گئیں۔
حکام کے مطابق مقدمہ درج کرکے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔