جب میری اور قیصر کی شادی طے ہو رہی تھی تو میں نے کچھ شرائط رکھی تھیں۔ میں نے انہیں واضح طور پر کہا تھا کہ شادی کے بعد میں کام نہیں کروں گی اور اگر کبھی کام کروں بھی تو اپنی کمائی صرف اپنے اوپر خرچ کروں گی۔ گھر اور کچن صرف آپ کی کمائی سے چلیں گے خاص طور پر کھانا بنانے کی ذمہ داری بھی آپ ہی کی ہوگی اور انہوں نے واقعی سب کچھ بہترین طریقے سے سنبھالا بعد میں میں نے خود گھر میں کھانا بنانا شروع کیا کیونکہ وہ ہمارے لیے بہت کچھ کر رہے تھے۔ اب گھر کے سب لوگ میرے ہاتھ کا کھانا اتنا پسند کرتے ہیں کہ باہر کا کھانا یا کسی اور کا بنایا ہوا کھانا کھا ہی نہیں سکتے، حتیٰ کہ اگر ہم باورچی بھی رکھ لیں تو وہ ایک ہفتے سے زیادہ نہیں چل پاتا۔
پاکستانی شوبز کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی ایک بار پھر اپنے ایک حالیہ انٹرویو کی وجہ سے خبروں میں آ گئی ہیں جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی اور شادی سے پہلے رکھی گئی شرائط پر کھل کر گفتگو کی۔
یہ گفتگو انہوں نے میزبان مصباح خالد کے پوڈکاسٹ میں کی جس میں انہوں نے اپنے شوہر اور معروف اداکار قیصر خان نظامانی کے ساتھ اپنی محبت بھری ازدواجی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
فضیلہ قاضی نے بتایا کہ شادی سے پہلے انہوں نے واضح طور پر اپنی کچھ شرائط رکھی تھیں جن میں سب سے اہم یہ تھی کہ وہ شادی کے بعد باقاعدہ ملازمت نہیں کریں گی اور اگر کبھی کام کریں بھی تو اپنی آمدنی خود پر ہی خرچ کریں گی۔ ان کے مطابق گھر کے اخراجات اور ذمہ داریاں شوہر کے ذمے ہوں گی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے گھر کے کھانے کی ذمہ داری بھی خود سنبھال لی جس کے بعد آہستہ آہستہ گھر کے تمام افراد ان کے ہاتھ کے کھانے کے عادی ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب صورتحال یہ ہے کہ گھر والے باہر کا کھانا یا کسی اور کا پکایا ہوا کھانا زیادہ پسند نہیں کرتے یہاں تک کہ اگر باورچی بھی رکھا جائے تو وہ زیادہ دیر نہیں چل پاتا۔
ان کے اس انٹرویو کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ مل رہی ہے، جہاں صارفین ان کی باتوں پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔