فلک شبیر کی مریم نواز سے عوامی مقامات پر ڈریس کوڈ سے متعلق درخواست

image

پاکستانی گلوکار فلک شبیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی مقامات پر ڈریس کوڈ سے متعلق قانون سازی کی درخواست کی ہے۔

فلک شبیر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی اسٹوری میں پنجاب حکومت کی جانب سے ویپنگ پر پابندی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بطور دو بیٹیوں کے والد وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتے ہیں کہ بازاروں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر مناسب لباس سے متعلق بھی قانون سازی کی جائے تاکہ ثقافتی اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

گلوکار کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر مختلف آراء اور بحث کا موضوع بنایا جا رہا ہے۔صارفین نے فلک شبیر کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے رجعت پسندانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ خود اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں، لیکن پاکستان میں لوگوں کے لباس سے متعلق فکر مند ہیں۔

ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ خود برطانیہ میں رہتے ہیں تو یہ مطالبہ برطانوی پارلیمنٹ میں کیوں نہیں کرتے؟ کچھ صارفین نے خواتین کے لباس پر اخلاقی نگرانی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس رویے کو ختم ہونا چاہیے۔

ایک صارف نے اسے توجہ حاصل کرنے کا “سستا طریقہ” قرار دیا جبکہ ایک اور نے کہا کہ پہلے اپنی بیوی کو گھر بٹھائیں۔ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ یہ حیران کن ہے کہ جس شخص کا پورا خاندان شوبز سے وابستہ ہے وہ ایسے خیالات رکھتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US