لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب حملے پر اداکارہ ماہرہ خان شدید برہم

image

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ کے اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے پر شدید برہمی اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایک خاتون دوسروں کی زندگیاں بچانے کی خاطر اپنے فرائض انجام دینے گئی اور کسی نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔

ماہرہ خان نے اس واقعے پر گہرے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وحشیانہ عمل اور برائی پر اندر سے کانپ رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر اسپتال کے اندر حملہ کیا گیا، اس شخص نے خاتون ڈاکٹر کو تقریباً زندہ جلا دیا جس کا یہ خیال تھا کہ اسے کسی کی زندگی تباہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ اداکارہ نے تاکید کی کہ خواتین صحت اور تحفظ کی مستحق ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ صرف خواتین ہی نہیں بلکہ مرد بھی اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور غصے کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں ایک شخص نے ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ شدید جھلس گئیں۔ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کو اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد پہلے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے اب انہیں بہتر علاج اور طبی سہولیات کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US