فلک شبیر جیسے لوگوں کا ذہن خواتین کے کپڑوں سے کب نکلے گا، حنا پرویز بٹ

image

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے گلوکار فلک شبیر کے خواتین کے مختصر لباس سے متعلق قانون سازی کے مطالبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو خواتین کے لباس کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی فلک شبیر جیسے لوگوں کا ذہن خواتین کے کپڑوں سے کب نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں میں خواتین کے لباس کو موضوع بحث نہیں بنایا جاتا جبکہ پاکستان میں ہر شخص سوشل میڈیا پر آکر دوسروں کی زندگیوں پر رائے دینا شروع کر دیتا ہے۔

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ایسی سوچ اور رویے معاشرتی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لوگوں کو دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر لوگ اپنے کام سے کام رکھنا شروع کر دیں تو یہ معاشرے کے لیے ایک بڑی خدمت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US