خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی کالجوں، جامعات اور دیگر ہائیر ایجوکیشن اداروں کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سمر زون میں واقع تعلیمی اداروں میں 15 جون سے 31 اگست تک گرمیوں کی تعطیلات ہوں گی، جبکہ ونٹر زون کے کالجوں اور جامعات میں یکم جولائی سے 31 جولائی تک تعطیلات دی جائیں گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کا اطلاق خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اور نجی کالجوں، جامعات اور ہائیر ایجوکیشن اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔
تاہم چار سالہ بی ایس پروگرامز کی تدریسی سرگرمیاں متعلقہ جامعات اور کالجوں کے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق جاری رہیں گی، جبکہ پریکٹیکل سمیت تمام امتحانات بھی پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔