پاکستان نے مالدیپ میں کھیلے گئے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو 2-0 سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی اور 74 سال بعد پہلی بار کسی اسٹینڈ اَلون فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
میچ میں شایق دوست نے اوور ہیڈ کک کے ذریعے 24ویں منٹ میں پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے ہارون حمید نے اضافی وقت کے آخری لمحات میں دوسرا گول کرکے فتح کو یقینی بنایا۔
پاکستان اس سے قبل آخری بار 1952ء میں ایشین کواڈرینگولر فٹبال ٹورنامنٹ کا مشترکہ فاتح بنا تھا، جو لیگ فارمیٹ پر کھیلا گیا تھا۔
میچ کے دوران افغانستان نے مضبوط آغاز کیا لیکن شاہینز نے جلد ہی کھیل پر گرفت مضبوط کرلی۔ اوٹس خان کی فری کک اور کراس کے بعد شایق دوست نے شاندار گول اسکور کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر افغانستان کا ایک شاٹ کراس بار سے ٹکرایا لیکن پاکستان اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔
دوسرے ہاف میں عادل نبی کا شاٹ بھی بار سے ٹکرایا، جبکہ میچ کے آخری منٹوں میں افغان ٹیم کے حملوں کے خلاف گول کیپر ثاقب حنیف اور دفاعی لائن نے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد ہارون حمید کے گول نے پاکستان کی ٹرافی پر مہر ثبت کر دی۔
اس تاریخی کامیابی پر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس فتح کو اپنے دورِ صدارت کا اعلیٰ ترین لمحہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منتخب فیڈریشن سے محروم رہنے کے طویل سلسلے کے بعد ایک سال کے عرصے میں یہ کامیابی پاکستان فٹبال کے منظرنامے کو بدلنے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے ایک نئے باب کا آغاز ہے اور فیڈریشن کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرتی رہے گی۔