کراچی: کیش وین ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈرائیور، 2 گارڈز زیر حراست، اہم انکشافات

image

کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی میں ملوث کیش وین کا ڈرائیور اور 2 گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران نے بتایا ہے کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ چیف کریو واجد نکلا، چیف کریو واجد نے واردات کی منصوبہ بندی کی تھی، اس نے کیش وین سے ڈبل کیبن گاڑی میں خود منتقل کروایا، ڈبل کیبن میں آنے والے چاروں ڈاکو چیف کریو سے رابطے میں تھے، 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے بعد چیف کریو نے کیش وین کے دروازے باہر سے لاک کردیے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 14 میں کیش وین سے 30 کروڑ کی ڈکیتی کی تفتیش جاری ہے۔ واجد اور واردات میں ملوث دیگر ملزمان شہر سے فرار ہوگئے،

ابتدائی تفتیش کے مطابق واجد کے ساتھ واردات میں ڈرائیور اور 2 گارڈ بھی ملوث ہیں، جن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق جمعے کی صبح طارق روڈ پر واقع دفتر سے اسٹاف 20 تھیلوں میں رقم لے کر نکلا تھا، ایس او پی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واٹر پمپ پر گاڑی روکی گئی، جائے واردات کی جیو فینسگ کروالی گئی ہے، ملزمان کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیش وین میں ہونے والی ڈکیتی رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، لوٹی گئی رقم تاحال برآمد نہیں کی جاسکی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US