طلاق کی افواہوں کے درمیان گووندا کی اہلیہ کا چونکا دینے والا اعلان، جائیداد کس کے نام کرنے کا ارادہ؟

image

"میں سنجیدگی سے سوچ رہی ہوں کہ اپنی ساری جائیداد اپنے پالتو کتے کے نام کر دوں۔ کرشنا تو پہلے ہی بہت کامیاب ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ آنے والے وقت میں مزید ترقی کرے گا۔ وہ میرے لیے بیٹے جیسی حیثیت رکھتا ہے اور میں اس کے لیے ہمیشہ نیک تمنائیں رکھتی ہوں۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، لیکن اس بار وجہ ان کی ازدواجی زندگی نہیں بلکہ جائیداد سے متعلق دیا گیا ایک غیر متوقع بیان ہے جس نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

حال ہی میں ممبئی ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران سنیتا آہوجا اپنے پالتو کتے کے ہمراہ موجود تھیں۔ خوش مزاج موڈ میں ہونے والی اس گفتگو میں انہوں نے ایسا جملہ کہہ دیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ سنیتا نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام دولت اور اثاثے اپنے پالتو کتے کے نام منتقل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔

گفتگو کے دوران جب ان کے بھانجے اور معروف کامیڈین کرشنا ابھیشیک کا ذکر چھیڑا گیا تو سنیتا نے ان کی بھرپور تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرشنا اپنی محنت سے ایک کامیاب مقام حاصل کر چکا ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیاں اس کا انتظار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کرشنا کو اپنے بیٹے جیسا قرار دیتے ہوئے اس کے لیے محبت اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

میڈیا سے بات چیت مکمل کرنے کے بعد سنیتا اپنے پالتو کتے کے ساتھ روانہ ہوئیں اور انہیں گاڑی کی اگلی نشست پر بٹھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس سے ان کی اپنے پالتو جانور سے گہری وابستگی نمایاں نظر آئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سنیتا آہوجا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان اور گووندا کے درمیان علیحدگی سے متعلق افواہیں وقفے وقفے سے بھارتی میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔ تاہم رپورٹس کے مطابق ان کے حالیہ ریمارکس کو کسی قانونی فیصلے یا باقاعدہ وصیت سے جوڑ کر نہیں دیکھا جا رہا بلکہ اسے ایک ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں دیے گئے تبصرے کے طور پر لیا جا رہا ہے۔ پھر بھی ان کے اس بیان نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیران ضرور کر دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US