والدین میرے ڈرامے سکون سے دیکھ سکیں، حنا طارق نے رومانوی مناظر اور لباس سے متعلق پالیسی بتادی

image

"شوبز کی دنیا میری پوری زندگی نہیں ہے۔ اس کے بعد میری ایک ذاتی زندگی بھی ہے اور ایک وقت آئے گا جب مجھے شادی کرنی ہوگی۔ اسی لیے میں ہر قدم بہت سوچ سمجھ کر اٹھاتی ہوں۔ ایک عورت صرف اپنی نہیں بلکہ پورے معاشرے اور آنے والی نسلوں پر اثر ڈالتی ہے، اس لیے میں اس بات پر خاص توجہ دیتی ہوں کہ میں کیا پہن رہی ہوں اور کس طرح کے کردار کر رہی ہوں۔ میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ایسے مناظر کا حصہ بنوں جنہیں میرے والدین آرام سے میرے ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکیں۔ اگر کسی سین میں مجھے بے آرامی محسوس ہو تو میں پہلے ہی ہدایت کار کو آگاہ کر دیتی ہوں کیونکہ میں اپنی حدود اور اقدار کا خیال رکھنا ضروری سمجھتی ہوں۔"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ حنا طارق نے شوبز میں کام کرتے ہوئے اپنی ترجیحات اور اصولوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ ان دنوں ڈرامہ سیریل "رحمت" میں پریشے کے کردار سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے والی اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے کیریئر کے فیصلے صرف شہرت کی بنیاد پر نہیں کرتیں بلکہ اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی اقدار کو بھی مدنظر رکھتی ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے حنا طارق نے کہا کہ وہ ہمیشہ باوقار لباس پہننے کو ترجیح دیتی ہیں اور ڈراموں میں بھی ایسے مناظر کا انتخاب کرتی ہیں جو شائستگی کے دائرے میں ہوں۔ ان کے مطابق اداکاروں کی زندگی صرف کیمرے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ انہیں اپنی نجی زندگی اور مستقبل کے بارے میں بھی سوچنا پڑتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی کردار کو قبول کرنے سے پہلے اس کے تمام پہلوؤں پر غور کرتی ہیں۔ اگر کسی منظر یا ہدایت کے بارے میں انہیں تحفظات ہوں تو وہ ہدایت کار سے کھل کر بات کرتی ہیں اور اپنی حدود واضح کر دیتی ہیں۔ حنا کے مطابق ان کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے والدین ان کا کام بغیر کسی جھجھک کے دیکھ سکیں۔

حنا طارق کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر بھی مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں متعدد مداح ان کی پیشہ ورانہ کامیابی کے ساتھ ساتھ ان کی سوچ اور باوقار انداز کی بھی تعریف کررہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US