بشریٰ انصاری نے لپ فلرز کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

image

لب پنسل میک اپ کا ایک لازمی حصہ ہے خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جن کے ہونٹ میری طرح پتلے ہیں۔ مجھ سے اکثر لوگ سوال کرتے ہیں کہ میں نے ہونٹوں کی سرجری کروائی ہے یا لِپ فلرز لگوائے ہیں۔ لوگ کہتے ہیں کہ آپ نے اپنے ہونٹوں کے ساتھ کیا کیا ہے؟ لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔ میں نے اپنے ہونٹوں کے ساتھ کوئی خاص تبدیلی نہیں کروائی۔ میں تقریباً پچاس سال سے آپ لوگوں کے سامنے ہوں، اگر میں نے کچھ کروایا ہوتا تو آپ فوراً پہچان لیتے اور شاید پسند بھی نہ کرتے۔ میں اپنی اسٹیٹک ڈاکٹر عائشہ کے پاس جاتی ہوں اور ان سے صرف یہ کہتی ہوں کہ میرے ہونٹوں کے لیے ہلکا سا آؤٹ لائن بنا دیں کیونکہ وہ پتلے ہیں پھر میں اسی آؤٹ لائن کے مطابق میک اپ کرتی ہوں جس سے ہونٹ زیادہ بھرے ہوئے نظر آتے ہیں۔

پاکستان کی سینئر اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے ایک بار پھر اپنی صاف گوئی اور سادہ انداز سے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

حال ہی میں وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ایک میک اپ ٹیوٹوریل میں نظر آئیں جہاں انہوں نے نہایت کھل کر اپنے حسن اور میک اپ سے متعلق بات کی۔ اسی دوران انہوں نے ان افواہوں پر بھی وضاحت دی جو ان کے ہونٹوں کی ظاہری شکل سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہتی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ ان کے ہونٹ قدرتی طور پر پتلے ہیں اور وہ کسی بھی قسم کے فلرز یا بڑی کاسمیٹک سرجری سے نہیں گزریں۔ ان کے مطابق لوگ اکثر ان کی ظاہری تبدیلیوں پر قیاس آرائیاں کرتے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ وہ صرف میک اپ کی تکنیک استعمال کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ماہرِ جلد ڈاکٹر کے مشورے سے اپنے ہونٹوں کے لیے ہلکی سی آؤٹ لائن بنواتی ہیں جس کے بعد میک اپ کے ذریعے انہیں نمایاں کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہی سادہ سا طریقہ ان کے ہونٹوں کو زیادہ بھرپور دکھاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر بشریٰ انصاری کا یہ بیان تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور مداح ان کی صاف گوئی کو سراہ رہے ہیں۔ اداکارہ نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنے واضح اور بے باک اندازِ گفتگو کی وجہ سے بھی ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US