پاکستان کے معروف اداکار، گلوکار اور لکھاری محسن عباس حیدر نے شوبز انڈسٹری سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اداکار، اداکارائیں اور ہدایت کار نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹس پر آتے ہیں ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
ایک نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محسن عباس حیدر نے بتایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ نشے کی حالت میں سیٹ پر آنے والے فنکاروں اور ہدایت کاروں پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
اداکار کے مطابق ان کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد متعلقہ پروڈکشن ہاؤس نے ان سے رابطہ کیا اور دریافت کیا کہ آیا وہ اپنے موجودہ پراجیکٹ سے وابستہ کسی فنکار کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ محسن عباس حیدر نے اس کی تصدیق کی، جس پر پروڈکشن ٹیم نے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک موقع پر ایک اداکارہ شوٹنگ کے دوران غیر معمولی رویے کا مظاہرہ کر رہی تھیں اور گفتگو کے باوجود ان کی توجہ کہیں اور مرکوز تھی جس پر انہیں تشویش ہوئی۔
محسن عباس حیدر کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیوں کی ہرگز حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہیے جو نہ صرف پیشہ ورانہ ماحول کو متاثر کریں بلکہ معاشرتی بگاڑ کا بھی سبب بنیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی شکایت کو پروڈکشن ہاؤس نے سنجیدگی سے لیا اور معاملے پر مناسب توجہ دی گئی۔ اداکار کے مطابق شوبز انڈسٹری میں پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کے لیے ایسے معاملات پر سخت پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔