مومنہ اقبال نے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا، معافی کا مطالبہ

image

پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مذہبی اسکالر ناصر مدنی کے درمیان جاری تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ اداکارہ نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ عدنان احسان خان کے ذریعے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس ارسال کرتے ہوئے مبینہ ہتک آمیز بیانات پر وضاحت، عوامی معذرت اور متعلقہ مواد فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناصر مدنی کی جانب سے مومنہ اقبال کے بارے میں دیے گئے بعض بیانات نے ان کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ زندگی کو نقصان پہنچایا ہے۔ نوٹس کے مطابق یہ ریمارکس ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، اس لیے ان کی فوری تردید اور عوامی سطح پر معافی ضروری ہے۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو اداکارہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مومنہ اقبال پہلے ہی مختلف قانونی تنازعات اور ہراسانی سے متعلق معاملات کے باعث خبروں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ سائبر ہراسانی، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے الزامات پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کیا تھا۔

قانونی نوٹس جاری ہونے سے قبل مومنہ اقبال نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ناصر مدنی کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ منبر پر بیٹھ کر ان پر لگائے گئے الزامات اور تہمتوں کو مزید ہوا دی گئی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا اور آخرت دونوں کی عدالتوں میں سرخرو ہوں گی کیونکہ ان پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت وہ خود اور اللہ تعالیٰ بہتر جانتے ہیں۔

مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسلام میں بغیر ثبوت کسی پر الزام لگانا اور اس کی عزت کو نقصان پہنچانا سنگین گناہ ہے۔ انہوں نے سورۂ نور کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر بات کا حساب ہونا ہے اور انصاف ضرور ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US