پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا بجٹ کے بعد مسلسل تیسرے روز مثبت زون میں بند ہوئی۔
کاروبار کے دوران مارکیٹ منافع کے حصول کے لیے فروخت کے دباؤ کا شکار رہی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ بروکرز کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 965 پوائنٹس تک بڑھا جبکہ دوسرے مرحلے میں 828 پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں دورانِ کاروبار 181 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوئیں تاہم بعد ازاں یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ دوسری جانب 180 ہزار پوائنٹس کی حد گرنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 118 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 180,511 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں بینکنگ سیکٹر کے شیئرز میں فروخت کا رجحان غالب رہا، جبکہ آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر اور ریفائنری سیکٹر کے شیئرز میں سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری دیکھی گئی۔