وزیر خزانہ کا ای وی صنعت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عزم

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان الیکٹرک وہیکل (ای وی) صنعت کے فروغ، مقامی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، جبکہ پاکستان کو خطے میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری اور برآمدات کا اہم مرکز بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ سے بدھ کو بی وائی ڈی (BYD) گروپ اور میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بی وائی ڈی گروپ کے نائب صدر اور ایشیا پیسیفک آٹو سیلز ڈویژن کے جنرل منیجر لیو شوئی لیانگ جبکہ میگا موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی خان نے کی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں بی وائی ڈی کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون میں کاروباری روابط کا فروغ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے اور بی وائی ڈی اور میگا موٹر کمپنی کا مشترکہ منصوبہ صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات میں اضافے کا باعث بنے گا۔

بی وائی ڈی کے نائب صدر لیو شوئی لیانگ نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے، مقامی پیداوار بڑھانے، جدید چارجنگ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے اور پاکستان کے ای وی ایکو سسٹم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر علی خان نے کہا کہ پاکستان بی وائی ڈی کی عالمی توسیعی حکمت عملی میں اہم مقام رکھتا ہے اور مشترکہ منصوبہ ملک میں طویل المدتی سرمایہ کاری جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مقامی سپلائرز اور وینڈرز کی شمولیت کے ذریعے گاڑیوں کی تیاری میں مقامی مواد کا تناسب بڑھانے کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا بھر میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی جانب تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور پاکستان بھی اس تبدیلی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی اسمبلنگ، مینوفیکچرنگ اور چارجنگ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، کیونکہ مضبوط چارجنگ نیٹ ورک الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز (PHEVs) کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے مختلف ممالک کے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چارجنگ انفراسٹرکچر کی ترقی کے دوران پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیاں عبوری مرحلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

دونوں فریقوں نے الیکٹرک موبیلیٹی، مقامی مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ پاکستان کو نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار اور جدت کا علاقائی مرکز بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US