"میں آپ کو بتاتی ہوں کہ میری شادی کی پہلی رات کیسے گزری۔ میں فرش پر بیٹھی اپنی سلامی کے پیسے گن رہی تھی، مجھے یہ جاننے کا بہت شوق تھا کہ لوگوں نے کتنی رقم دی ہے۔ پیسے گننے کے بعد ہم سو گئے۔ حقیقت میں شادی کی پہلی رات ویسی نہیں ہوتی جیسی ڈراموں اور فلموں میں دکھائی جاتی ہے، اسے بہت زیادہ رومانوی اور غیر حقیقی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔"
پاکستان کی معروف ماڈل، میزبان اور اداکارہ عفت عمر نے اپنی شادی کی پہلی رات سے متعلق ایک ایسا دلچسپ واقعہ سنایا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اپنی بے باک گفتگو اور سماجی موضوعات پر کھل کر رائے دینے کے لیے مشہور عفت عمر نے حالیہ پوڈکاسٹ میں شادی سے جڑی عام تصورات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی ڈراموں میں دکھائی جانے والی شادی کی پہلی رات اور حقیقت میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔
عفت عمر نے ہنستے ہوئے بتایا کہ ان کی اپنی شادی کی پہلی رات کسی فلمی منظر جیسی نہیں تھی۔ ان کے مطابق وہ اس وقت سلامی میں ملنے والی رقم گننے میں مصروف تھیں کیونکہ انہیں تجسس تھا کہ رشتہ داروں اور دوستوں نے کتنے پیسے دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقم گننے کے بعد وہ آرام سے سو گئیں، جبکہ ڈراموں میں اس رات کو غیر معمولی اہمیت اور رومانویت کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
اسی پوڈکاسٹ میں اداکار اور مصنف عدیل افضل نے بھی ڈراموں میں شادی کے بعد کے مناظر لکھنے کے حوالے سے دلچسپ تجربہ شیئر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حال ہی میں ایک ڈرامے کی کہانی لکھ رہے تھے جس میں شادی کا ایک اہم مرحلہ شامل تھا، اور انہیں یہ سوچنے میں تین دن لگ گئے کہ اس منظر کو روایتی انداز سے مختلف کیسے بنایا جائے۔
عدیل افضل کے مطابق ڈرامہ بین ایسے مناظر میں خاص دلچسپی لیتے ہیں اور کہانی نویسوں پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ ناظرین کی توقعات کو مدنظر رکھیں۔ تاہم ان کا ماننا ہے کہ اب تک ٹیلی ویژن پر ایسا کوئی منظر تخلیق نہیں ہو سکا جسے واقعی یادگار قرار دیا جاسکے۔
عفت عمر کے اس سادہ مگر غیر متوقع انکشاف نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جہاں کئی صارفین نے اسے حقیقت کے قریب ترین اور سب سے ایماندار جواب قرار دیا۔