کیو ایس رینکنگ 2027: پاکستانی جامعات ٹاپ 350 میں جگہ بنانے میں ناکام

image

عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے کیو ایس نے 2027 کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں ایک بار پھر پاکستان کی کوئی بھی جامعہ دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ نہ بنا سکی۔

رپورٹ کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی گزشتہ سال 354 ویں پوزیشن پر تھی تاہم اس سال 381 نمبر پر آگئی جبکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) 371 سے 384 نمبر پر پہنچ گئی۔

دیگر جامعات کی درجہ بندی میں بھی نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز 721 سے 560 نمبر پر آ گیا، پنجاب یونیورسٹی 542 سے 588 پر، اور لمز 555 سے 608 نمبر پر چلی گئی۔

اسی طرح یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد 654 سے 629، کامسیٹس یونیورسٹی 664 سے 639 نمبر پر بہتر ہوئیں جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد 691 نمبر پر برقرار رہی۔

یو ای ٹی لاہور 791 نمبر پر رہی، جبکہ آغا خان یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پشاور 951 ویں پوزیشن پر رہیں۔ بہاالدین ذکریا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور 1001 نمبر پر جبکہ متعدد جامعات 1201 اور 1401 کی رینج میں شامل رہیں جن میں کراچی یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ سے صرف جامعہ کراچی 1500 عالمی جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی جبکہ بلوچستان کی کوئی بھی یونیورسٹی فہرست میں شامل نہ ہو سکی۔

عالمی درجہ بندی میں دنیا کی سرفہرست جامعات میں میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) پہلے، امپیریل کالج لندن اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہیں۔ آکسفورڈ چوتھے، ہارورڈ پانچویں، کیمبرج چھٹے، اور کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ساتویں نمبر پر رہی۔ نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور دسویں نمبر پر رہی۔

کیو ایس رینکنگ 2027 کے مطابق پاکستان کی 18 جامعات مجموعی طور پر 1504 اعلیٰ تعلیمی اداروں کی عالمی فہرست میں شامل ہو سکیں۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US