شوبز کی کمائی حلال ہے یا حرام؟ مداح نے نعمان اعجاز سے سوال کر ڈالا

image

"اللہ تعالیٰ کی تخلیق پر غور کریں اور دیکھیں کہ اس نے انسان کو کتنی رہنمائی دی ہے، مگر ایک ذمہ داری مکمل طور پر ہمارے اختیار میں چھوڑ دی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہم شاید اس میں بھی صحیح فیصلہ نہیں کر پاتے۔ اگر ہم گرم کھانا ہاتھ میں لیں تو ہاتھ فوراً بتا دیتا ہے کہ یہ گرم ہے، اگر سخت چیز منہ میں ڈالیں تو دانت بتا دیتے ہیں کہ یہ سخت ہے، اگر کوئی چیز کڑوی ہو تو زبان فوراً احساس دلاتی ہے، اور اگر کھانا پرانا یا خراب ہو تو ناک فوراً خبردار کر دیتی ہے۔ لیکن حلال اور حرام کا فرق ایک ایسی چیز ہے جو مکمل طور پر ہمارے اختیار میں دی گئی ہے۔ کیا ہمیں واقعی معلوم نہیں کہ کیا حلال ہے اور کیا حرام؟ اور اگر اس سب کے باوجود ہم غلط راستے اختیار کریں تو کیا ہمیں شرمندگی محسوس نہیں ہونی چاہیے؟"

پاکستانی شوبز کے سینئر اداکار نعمان اعجاز ایک بار پھر اپنی گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں ایک سوچ انگیز بات شیئر کی جو ان کے ایک دوست نے انہیں بھیجی تھی۔ اس گفتگو میں انہوں نے انسانی فطرت، شعور اور حلال و حرام کے انتخاب پر تفصیلی انداز میں اظہارِ خیال کیا۔

نعمان اعجاز کی اس بات کو کئی مداحوں نے سراہا اور اسے ایک گہرا پیغام قرار دیا، تاہم سوشل میڈیا پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب ایک صارف نے ان کے کمنٹس سیکشن میں ان کی آمدن پر سوال اٹھا دیا۔ صارف نے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ آپ کے خیال میں آپ کی کمائی حلال ہے یا حرام؟

اس پر اداکار نے مختصر اور واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک روایتی اور محدود سوچ ہے، بہتر ہے کہ ہر کوئی اپنی ذات کا بھی جائزہ لے اور خوش رہنے کی کوشش کرے۔ ان کے اس جواب کے بعد ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے حامی اور ناقدین دونوں سرگرم نظر آ رہے ہیں، جہاں ایک طرف ان کے خیالات کو سراہا جا رہا ہے تو دوسری طرف ذاتی تبصروں پر بھی تنقید ہو رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US