غریب مریضوں کے لئے پورا وارڈ عطیہ کر دیا، ہانیہ عامر کے عمل نے سب کے دل جیت لئے

image

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین نوجوان اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں، لیکن اس بار وجہ کوئی ڈراما، فلم یا سوشل میڈیا پوسٹ نہیں بلکہ ایک ایسا انسان دوست قدم ہے جس نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

ہانیہ عامر کو پاکستان کی جنریشن زیڈ کی سب سے بڑی اسٹارز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈب اسمیش ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے مختصر عرصے میں شوبز کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی اور متعدد کامیاب منصوبوں کا حصہ رہیں۔ اب ان کا ایک فلاحی اقدام سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بنا ہوا ہے۔

معروف گلوکار ابرار الحق کی جانب سے قائم کردہ فلاحی ادارہ سہارا لائف ٹرسٹ برسوں سے مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ اس ادارے کے تحت قائم اسپتال میں ہزاروں افراد علاج کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔ حال ہی میں ہانیہ عامر نے اسی اسپتال کے لیے ایک نیا وارڈ عطیہ کیا ہے، جسے فریال نگہت کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

اس اہم پیش رفت کی اطلاع خود سہارا لائف ٹرسٹ نے اپنے پلیٹ فارمز پر شیئر کی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ عوام کی محبت اور شہرت حاصل کرنے کے بعد معاشرے کو واپس کچھ دینا ایک قابلِ تعریف عمل ہے، اور ہانیہ عامر نے اپنے اس قدم سے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ایک کامیاب اداکارہ ہی نہیں بلکہ سماجی ذمہ داری کا احساس رکھنے والی شخصیت بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے ہانیہ عامر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے ان کے جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت مثال قائم کرتے ہیں اور ضرورت مند افراد کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US