پنجاب میں تعلیمی تاریخ کا ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار پرائمری سطح پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کو باقاعدہ مضمون کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے لاکھوں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ابتدائی جماعتوں میں اے آئی کی تعلیم شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے تعلیمی منصوبے کے مطابق یہ نصاب آئندہ تعلیمی سیشن 2027-28 سے نافذ کیا جائے گا۔
جماعت اول سے پنجم تک کے طلبہ کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس بطور علیحدہ مضمون پڑھایا جائے گا، جس کے لیے بالکل دیگر بنیادی مضامین کی طرز پر باقاعدہ پیریڈ مختص ہوگا۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اس مضمون کو امتحانی نظام میں بھی شامل کیا جائے گا اور طلبہ کے لیے اس میں کامیابی حاصل کرنا لازم ہوگی۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور مسئلہ حل کرنے کی مہارت کو بہتر بنانا ہے۔ ان کے مطابق اے آئی کی تعلیم سے طلبہ کی ذہنی نشوونما اور سیکھنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پرائمری سطح کے لیے اے آئی نصاب کی حتمی منظوری آج پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دیے جانے کا امکان ہے۔