پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے اداکارہ مومنہ اقبال کے خلاف ایوان میں دیے گئے ریمارکس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ اسپیکر نے ان الفاظ کو توہین آمیز، امتیازی اور تعصب پر مبنی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر اسمبلی کی سرکاری کارروائی کے ریکارڈ سے حذف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران سیاسی نمائندگی پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے رکنِ صوبائی اسمبلی ندیم قریشی نے معروف اداکارہ مومنہ اقبال کا نام لے کر نازیبا ریمارکس دیے تھے۔ اس موقع پر اسپیکر ملک احمد خان نے فوری مداخلت کی اور متعلقہ رکنِ اسمبلی کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے اپنے الفاظ فوری واپس لینے کی ہدایت کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ مومنہ اقبال شوبز انڈسٹری کی معزز شخصیت ہیں اور ان کے حوالے سے اس طرح کی گفتگو سراسر تعصب اور امتیاز پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی فلور کو کسی بھی فرد کی ذاتی تضحیک کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور نہ ہی کسی کو ذاتی طور پر نشانہ بنانا مناسب عمل ہے۔ اسپیکر کی سخت ہدایت کے بعد ان ریمارکس کو کارروائی کے ریکارڈ سے نکال دیا گیا ہے۔