سرگودھا: منتہا قتل کیس میں اہم پیش رفت، نامزد ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

image

سرگودھا میں 7 سالہ بچی منتہا زہرہ کے اغوا، مبینہ زیادتی اور قتل کے لرزہ خیز مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم محمد ارسلان مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو دورانِ تفتیش برآمدگی اور مزید تحقیقات کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔ حملہ آوروں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ملزم محمد ارسلان گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آیا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ مبینہ پولیس مقابلے سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US