اس ملک کا قانون کب ہوش میں آئے گا؟ سرگودھا واقعے پر شوبز شخصیات بھی لرز اٹھیں

image

سرگودھا میں 7 سالہ بچی منتہیٰ کے ساتھ پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ کمسن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے اس افسوسناک کیس نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا جہاں لوگ خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 7 سالہ منتہیٰ اپنے علاقے کی ایک دکان سے کھانے پینے کی اشیا خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم وہ واپس نہ لوٹی۔ بچی کے لاپتا ہونے پر اہل خانہ نے تلاش شروع کی جبکہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج ملی جس میں منتہیٰ کو گلی سے دکان کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بچی کو مبینہ طور پر دکاندار اور اس کے ایک ساتھی نے اغوا کیا۔ الزام ہے کہ ملزمان نے بچی کے ساتھ زیادتی کی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئی۔ بعد ازاں اس کی لاش ایک عمارت کی چھت سے برآمد ہوئی۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بچی کی آخری سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے جس نے عوام کو مزید غمزدہ کر دیا۔

دوسری جانب پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی اس واقعے پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اداکارہ مشی خان، اقرا عزیز، عمران عباس اور دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

متعدد فنکاروں کا کہنا ہے کہ ایسے سنگین مقدمات میں متاثرہ خاندانوں کو بروقت انصاف نہیں ملتا، جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اداکارہ ایمن خان اور منال خان نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے انصاف کے نظام میں موجود خامیوں پر بات کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسر زہیب اسپیکس کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے انصاف کے نظام سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے اور مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر بچوں اور خواتین کے تحفظ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری اور فوری انصاف کی ضرورت کے حوالے سے سنجیدہ سوالات کھڑے کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US