اداکارہ کو دھمکیاں، رکن اسمبلی اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

image

لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے مقدمے کی سماعت کی، جس دوران ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں اور تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US