مذہبی اسکالر ناصر مدنی نے قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد اداکارہ مومنہ اقبال سے عوامی سطح پر معافی مانگ لی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں ناصر مدنی نے کہا کہ اگر ان کے کسی بیان سے مومنہ اقبال یا ان کے اہل خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی دل آزاری ان کا مقصد نہیں تھا اور وہ اس معاملے پر کھلے دل سے معافی کا اظہار کرتے ہیں۔
ناصر مدنی نے اپنے بیان میں تمام بیٹیوں کے احترام اور حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی بیٹی کی عزت و وقار کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بیٹیاں پوری قوم کی سانجھی امانت ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مومنہ اقبال سے متعلق ناصر مدنی کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ اس قانونی معاملے کی پیروی مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال نے کی تھی۔