معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں، مداح غمزدہ

image

پاکستان کی معرَِوف شیف راحت علی انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں اور کھانا پکانے کے شوقین افراد کو افسردہ کر دیا۔ ابتدا میں یہ خبر غیر مصدقہ سمجھی جا رہی تھی، تاہم بعد میں اہل خانہ کے ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

شیف راحت علی کئی برسوں تک اپنے آسان اور منفرد کھانوں کی تراکیب کے باعث گھروں میں بے حد مقبول رہیں۔ انہوں نے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کو سادہ انداز میں کھانا پکانا سکھایا۔ ان کی مسکراہٹ، نرم لہجہ اور آسان اندازِ تعلیم نے انہیں ہر عمر کے افراد میں پسندیدہ بنا دیا تھا۔

ان کی بیٹی شیف مائدہ راحت علی بھی معروف شیف ہیں اور اس وقت امریکا میں مقیم ہیں، جہاں وہ کھانا پکانے کے شعبے میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

شیف راحت علی کے انتقال کی خبر ان کی بھانجی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر صارفین ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جبکہ ایک اور نے لکھا کہ انہوں نے کھانا پکانا شیف راحت علی ہی سے سیکھا تھا۔ کئی افراد نے ان کے انتقال کو ناقابل یقین اور انتہائی افسوسناک قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US