میں جانتا ہوں کہ پاکستان میں میرے بے شمار مداح موجود ہیں۔ وہاں کے لوگوں نے ہمیشہ مجھے بے لوث اور بے پناہ محبت دی ہے اور ہم ان کی اس محبت سے بخوبی واقف ہیں۔ میں اپنے تمام پاکستانی مداحوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں آپ سب کے لیے گاتا رہوں گا۔ آپ کی محبت اور دعاؤں کا دل سے شکر گزار ہوں میں یہیں ہوں اور کہیں نہیں جا رہا۔
بھارت کے معروف پلے بیک گلوکار کمار سانو نے ایک بار پھر پاکستانی مداحوں کے لیے اپنی محبت اور قدردانی کا اظہار کر کے دونوں ممالک کے موسیقی کے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ اپنی سریلی آواز اور لازوال رومانوی گیتوں کے باعث "میلوڈی کنگ" کے لقب سے مشہور کمار سانو نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں پاکستان سے ملنے والی محبت پر کھل کر گفتگو کی۔
پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے انہیں بتایا کہ پاکستان سے بڑی تعداد میں مداح ان کے لیے محبت بھرے پیغامات اور نیک تمنائیں بھیج رہے ہیں۔ اس پر کمار سانو نے نہایت گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی مداحوں کی بے مثال محبت سے بخوبی واقف ہیں اور اسے ہمیشہ اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
کمار سانو کا شمار برصغیر کے مقبول ترین گلوکاروں میں ہوتا ہے۔ 1990 میں فلم "عاشقی" کے گیتوں نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا جبکہ "تجھے دیکھا تو" اور "جب کوئی بات بگڑ جائے" جیسے لازوال نغمے آج بھی پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، نیپال اور دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین کی پسندیدہ فہرست کا حصہ ہیں۔
کمار سانو کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی مداحوں نے بھی ان پر بھرپور محبت نچھاور کی۔ متعدد صارفین نے لکھا کہ ان کے گیت ان کے بچپن اور نوجوانی کی خوبصورت یادوں کا حصہ ہیں، جبکہ کئی مداحوں نے گلوکار کی صحت، کامیابی اور طویل زندگی کے لیے دعائیں بھی دیں۔