عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں موٹر آئل اور مختلف اقسام کے لیوبریکنٹس کی قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کے کمپنی آئل کے ایک ڈبے کی قیمت 650 روپے سے بڑھ کر 850 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تین لیٹر موٹر آئل کی بوتل 3500 روپے سے بڑھ کر 4500 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
اسی طرح چار لیٹر موٹر آئل کی بوتل کی قیمت بھی 4700 روپے سے بڑھ کر 6000 روپے تک جا پہنچی ہے، جس سے گاڑی مالکان اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صارفین نے شکوہ کیا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی مہنگائی کا طوفان آجاتا ہے تاہم قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں قیمتیں اسی تناسب سے کم نہیں کی جاتیں۔