بلوچستان میں ریکوڈک کے برابر ایک اور غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع

image

حکومت بلوچستان اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور معدنی وسائل سے استفادے کے لیے اہم اعلانات کیے ہیں۔

نائب چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ کا کہنا ہے کہ امریکا سے ریکوڈک کے مساوی ایک اور بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے جبکہ ایک ماہ کے اندر بلوچستان بینک کا افتتاح بھی کر دیا جائے گا۔

پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں 50 معدنیات دریافت ہو چکی ہیں جن میں سے 39 کو تجارتی بنیادوں پر نکالا جا رہا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ معدنیات کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر ریفائننگ، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین سرمایہ کاری مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے صوبے کو خام وسائل کی معیشت سے نکال کر ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کا مرکز بنانا ہوگا۔

ایف پی سی سی آئی نے چاغی، خضدار، لسبیلہ اور مسلم باغ میں منرل پراسیسنگ زونز اور جدید لیبارٹریاں قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ مقررین نے بلوچستان کی 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کو بلیو اکانومی کا اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں جدید فش پراسیسنگ پلانٹس اور کولڈ چین مراکز قائم کرنے پر زور دیا۔

پریس کانفرنس میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو مکمل ڈیجیٹل ون ونڈو سرمایہ کاری مرکز بنانے اور بجلی، پانی، سڑکوں، انٹرنیٹ اور سیکیورٹی سمیت بنیادی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US