فکسڈ منافع کا لالچ، 45 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف

image

فکسڈ منافع کا لالچ دے کر عوام سے کروڑوں روپے ہتھیانے کی مبینہ پونزی اسکیم کا معاملہ سامنے آگیا۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے بلنک کیپٹل مینجمنٹ کے خلاف معاملہ مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو بھجوا دیا۔

ایس ای سی پی کے مطابق بلنک کیپٹل نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے فنڈز حاصل کیے، جبکہ تحقیقات میں 44 کروڑ 66 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں سے حاصل کردہ رقوم کمپنی اور اس کی انتظامیہ کے ذاتی اکاؤنٹس میں وصول کی گئیں، جبکہ سی ای او، ڈائریکٹرز اور ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھی مبینہ طور پر رقوم منتقل کی گئیں۔

مزید تحقیقات اور متاثرہ سرمایہ کاروں کی شکایات کے ازالے کے لیے کیس ایف آئی اے کو بھجوا دیا گیا ہے۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی سرمایہ کاری اسکیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US