سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سیگمنٹ قائم کردیا گیا ہے، جس کے تحت 33 بروکریج ہاؤسز میں اسلامی ونڈوز کے ذریعے خدمات شروع کردی گئی ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کار شریعہ کمپلائنٹ شیئرز، سکوک اور اسلامی ETFs میں براہِ راست سرمایہ کاری کرسکیں گے، جبکہ اسلامی بروکریج کے ذریعے سرمایہ کاری صرف شریعہ کمپلائنٹ سیکیورٹیز تک محدود ہوگی۔
ایس ای سی پی کے مطابق پی ایس ایکس کی 535 لسٹڈ سیکیورٹیز میں سے 308 شریعہ کمپلائنٹ ہیں، جو مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تقریباً 65 فیصد ہیں۔ چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اسے ربا سے پاک معیشت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔