گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل تقریباً حل ہوچکے، ہڑتال جلد ختم ہوجائے گی، وزیراعلیٰ سندھ

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاجر برادری، عوام، مسلح افواج، پولیس اور تمام قومی اداروں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزراء ضیاء لنجار، سعید غنی اور جام اکرام اللہ دھاریجو نے شرکت کی۔ صدر کراچی چیمبر ریحان حنیف نے جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کی خوشیاں ہم سب مل کر منا رہے ہیں کیونکہ آج ہی کے دن ہمیں یہ پیارا ملک حاصل ہوا تھا، تاہم افسوس کی بات ہے کہ لوگ آہستہ آہستہ اپنی تاریخ کو بھولتے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے تاریخ کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ 1935 میں بمبئی پریسیڈنسی سے الگ ہوا جس کے بعد اسے اپنی الگ شناخت ملی اور اسی بنا پر سندھ کی اپنی قانون ساز اسمبلی قائم ہوئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اسی سندھ اسمبلی کو یہ تاریخی اعزاز حاصل ہے کہ اس نے دو بار پاکستان کی تخلیق کی قرارداد منظور کی تھی۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے مئی کے مہینے میں بھارت کو فوجی میدان میں تاریخی شکست دی تھی اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم معاشی میدان میں بھی اپنے دشمن کو شکست دیں۔

صنعتی مسائل اور توانائی کے بحران پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ صنعت کاروں کی پیداواری لاگت میں اضافے کی بڑی وجہ توانائی کی تیز تر بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تھر کا کوئلہ پورے پاکستان کو سستی بجلی فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تھر کے کوئلے کے منصوبے کے پیچھے کچھ عناصر پڑے ہوئے ہیں، تاہم وہ وفاق سے اس منصوبے کی منظوری ہر صورت کروائیں گے۔

گیس کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس کے بھی بڑے ذخائر موجود ہیں، لیکن یہاں بھی کچھ لوگوں کی زیادہ دلچسپی گیس کی پیداوار کے بجائے اس کو باہر سے درآمد کرنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید اس کی بڑی وجہ آئین و قانون کی وہ شق ہے جس کے تحت جس علاقے سے گیس نکلتی ہے پہلا حق بھی اسی کا ہوتا ہے۔

مراد علی شاہ نے گل پلازہ سانحے کا ذکر کرتے ہوئے متاثرین کی امداد اور صورتحال کو سنبھالنے میں کراچی چیمبر آف کامرس کے مثبت اور متحرک کردار کی تعریف کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کے درپیش مسائل اور ان کی ہڑتال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کا معاملہ تقریباً حل ہوچکا ہے اور شاید صرف ایک آدھ نقطہ ہی باقی بچا ہے۔ انہوں نے موقع پر ہی ٹرانسپورٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ اس بقایا نقطے کو بھی جلد از جلد حل کریں تاکہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کو فوری طور پر ختم کرایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US