پورٹ قاسم میں 400 ایکڑ پر گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا فیصلہ

image

وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِ صدارت گارمنٹس سٹی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پورٹ قاسم کے علاقے میں 400 ایکڑ رقبے پر گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں گارمنٹس سٹی کے لیے 250 ایکڑ زمین مختص کی جائے گی، جہاں اعلیٰ قدر کی حامل ملبوسات کی تیاری اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق گارمنٹس سٹی کے قیام سے تقریباً ایک لاکھ 38 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ منصوبے سے سالانہ 2.2 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گارمنٹس سٹی میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جبکہ برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ون ونڈو نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ مختلف مراحل پر درکار اجازت ناموں اور سہولیات تک آسان رسائی ممکن ہو۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی گارمنٹس سٹی کے لیے ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔ منصوبے میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ کو بھی ترجیح دی جائے گی تاکہ صنعتی سرگرمیوں کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US